شمال مشرقی بھارتی ریاست بہار میں ایسی منفرد مارکیٹ ہے جہاں شادی کی خواہشمند خواتین اور ان کے اہل خاندان یہاں آکر لڑکی کے لیے شوہر خرید سکتے ہیں۔
یہ مارکیٹ ریاست بہار کے ضلع مدھو بانی میں واقع ہے جہاں پیپل کے درختوں کے نیچے ہر سال ہزاروں مرد جمع ہوتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ ممکنہ دلہن انہیں پسند کرلے۔
سوراتھ یا سبھاگچھی نامی یہ مارکیٹ 9 دن تک جاری رہتی ہے، اس کا آغاز مقامی لوگوں کے بیان کے مطابق لگ بھگ 700 برس قبل کرنات خاندان کے عہد حکومت میں راجہ ہاری سنگھ نے کیا تھا۔
اور اس کا مقصد یہ تھا کہ خواتین کے لیے آسانی ہو کہ وہ اس مارکیٹ میں جاکر متنوع گروپ میں سے اچھا شوہر تلاش کرسکیں۔ یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ دولہے کی قیمت کا تعین اس کی صلاحیتوں جیسے تعلیمی قابلیت اور خاندانی پس منظر کی بنیاد پر ہوتا ہے۔
اپنے خاندان کے ساتھ موجود لڑکی جب کسی کو پسند کرتی ہے تو پھر اس سے پیدائش اور تعلیمی اسناد کا ثبوت مانگا جاتا ہے، جس کے بعد معاملات آگے بڑھتے ہیں۔