• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی مہنگی ترین دوا، دو ملین ڈالرز کا انجکشن دو بچوں کی جان لے گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا کی مہنگی ترین دوا استعمال کرنے والے 2بچوں کے جاں بحق ہونےکا واقعہ پیش آیا ہے۔ Zolgensma نامی یہ دوا جینیاتی تھراپی کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور اسے دنیا کی مہنگی ترین دوا سمجھا جاتا ہے۔ دوا ساز کمپنی نووارٹس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں بچے جگر ناکارہ ہونے (Acute Liver Failure) کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ یہ دوا اسپائنل مسکیولر ایٹروفی (ایس ایم اے) نامی بیماری کے علاج کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور دوا کے استعمال کے نتیجے میں جگر کے مسائل پیدا ہوتے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ مسائل جان لیوا ثابت ہوئے ہیں۔ نووارٹس کا کہنا ہے کہ جگر کو سنگین نوعیت کا نقصان ہونے سے بچانے کیلئے بچوں کو اسٹیروئیڈز (CorticoSteroids) دیے گئے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ یہ اموات روس اور قازقستان میں ہوئی ہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اُن مارکیٹس میں صحت کے شعبے سے وابستہ حکام کو صورتحال سے مطلع کر دیا ہے جہاں یہ دوا فروخت ہوتی ہے اور ساتھ ہی ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ Zolgensma دوا کی قیمت 20؍ لاکھ ڈالر فی مریض ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ دوا پہلے ہی 2300؍ مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کی جا چکی ہے، اس پر تجربات بھی ہو چکے ہیں تاہم حالیہ اموات کو سیفٹی سگنل کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا۔

دنیا بھر سے سے مزید