• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی مقبولیت نے سرحدیں عبور کرلیں، ریلیز کا بھارتیوں کو بھی انتظار

’جیو فلمز‘ کے اشتراک سے بننے والی پاکستانی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی، فلم کے ٹریلر کا چرچہ سرحد پار بھی ہونے لگا جہاں بھارتیوں کو بھی اب اس بلاک بسٹر کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے۔ 

پاکستانی فلم ’وار‘ سے شہرت حاصل کرنے والے ڈائریکٹر بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں ’جیو فلمز‘ کے اشتراک بننے والی پاکستان کی یہ مہنگی ترین فلم 13 اکتوبر کو ملک اور بیرونِ ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ بلال لاشاری اس فلم کے ہدایت کار ہیں جو اس میگا پروجیکٹ پر کئی برس سے کام کر رہے تھے۔

اُنہوں نے اس فلم کو پروڈیوسر عمارہ حکمت کے ساتھ لاشاری فلمز، انسائیکلو میڈیا اور ٹرپل اے موشن پکچرز کے بینر تلے تخلیق کیا ہے، عالمی معیار کی فلم کے جاندار مکالمے ناصر ادیب نے تحریر کیے ہیں۔

واضح رہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر آج جاری کردیا گیا ہے، جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم ایکشن اور ایڈونچر سے بھر پور ہے جبکہ ٹریلر میں ایکشن کے ساتھ رومانس کا تڑکا بھی بھر پور نظر آ رہا ہے۔

فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مقبولیت میں سرحدیں عبور کرگیا اور بھارتیوں نے بھی اس کے ریلیز کا بے صبری سے انتظار کرنے کا اعتراف کیا۔ 

نامور بالی ووڈ فلم ساز انوراگ کیشپ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فلم کے ٹریلر کا لنک شیئر کیا۔ 

یہی نہیں بلکہ انہوں نے اس فلم سے متعلق اپنی پسندیدگی کا اظہار اس طرح کیا کہ ’بلآخر، وہ فلم جو مجھے بے حد پسند ہے اور وہ فلم جو آپ واقعی دیکھنا چاہیں گے، اس کا ٹریلر سامنے آگیا۔ 

اسی طرح فلم ’ہچکی‘ کے ہدایت کار سدھاتھ ملہوترا نے فلم سے متعلق تحریر کیا کہ یہ بہت ہی شاندار ہونے والا ہے جس کے جواب میں اداکارہ ماہرہ خان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

ایک بھارتی فلم ناقد نے اسے تاریخ کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم قرار دے دیا۔ 

انہوں نے تحریر کیا کہ تصور کریں کہ اگر یہ فلم کے جی ایف سے پہلے بنتی، یہ فلم اب تک کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک ہوسکتی ہے۔

 ساتھ میں انہوں نے ہدایتکار بلال لاشاری، پروڈیوسر عمارہ حکمت اور اسٹارز فواد خان اور ماہرہ خان کی بھی تعریف کی۔

ایک اور فلم ناقد عمیر سندھو نے تو اس فلم کے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے کا بھی اشارہ دے دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر جاری، 100 کروڑ والی پہلی پاکستانی فلم آنے والی ہے۔ 


انٹرٹینمنٹ سے مزید