بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت دنیا کے تمام اہم ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں وطن عزیز کا 75واں یوم آزادی پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
ماسکو، قاہرہ اور دیگر مقامات پر پاکستانیوں نے اپنے سفارتخانوں و مشنز میں یوم آزادی کی تقریبات میں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی، چانسری میں منعقدہ پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
ناظم الامور آفتاب حسن خان نے پاکستانی قوم کو اس پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پُرامن تعلقات چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
نئی دہلی کی طرح روس کے دارالحکومت ماسکو، مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بھی جشن آزادی کی تقریبات ہوئیں۔
پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے جشن آزادی کی تقریب سے خطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے پر پاکستان کے بانیوں کی دانشمندی اور دور اندیشی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں ملی نغے گائے گئے، تقریب میں ملکی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔