روٹرڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے نیدرلینڈز کے خلاف میچز میں بھارتی شائقینِ کرکٹ بھی پاکستان کی جیت کے خواہشمند ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں بھارتی شائقینِ کرکٹ کو بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو میں ایک سنگھ بلدیو نامی بھارتی مداح نے یہ کہا کہ’میں جرمنی سےنیدر لینڈ آیا ہوں، میں انڈین ہوں اور یہاں پاکستان کو سپورٹ کرنے کے لیے آیا ہوں‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’وہ زندگی میں پہلی بار کوئی لائیو میچ دیکھنے آئے ہیں اور اُنہیں بہت اچھا لگ رہا ہے‘۔
سنگھ بلدیو سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ ’ٹی وی اور سوشل میڈیا پر تو صرف اس طرح کی باتیں سامنے آتی ہیں کہ پاکستانی اور بھارتی کبھی ایک نہیں ہوسکتے تو آپ کس جذبے سے یہاں میچ دیکھنے آئے ہیں؟‘
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’ایسا صرف سوشل میڈیا پر ہی ہوتا ہے دونوں ممالک میں رہنے والوں کے دل ایک ہیں‘۔
سنگھ بلدیو نے مزید کہا کہ’پاکستان کے سب ہی کھلاڑی میرے پسندیدہ ہیں اور آفریدی کیونکہ ابھی یہاں نہیں ہیں تو اُنہیں ہم لوگ بہت یاد کررہے ہیں‘۔
اُنہوں نے ایشیا کپ 2022 کے دوران ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کو ’ہائی والٹیج میچ‘ قرار دیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں میں اس ٹیم کی حمایت کروں گا جو اچھا کھیلے گی‘۔
سنگھ بلدیو نے یہ بھی کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیریز بھی ہونی چاہیے۔