• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹا ہے، بلوچستان اور سندھ میں تباہی و بربادی سے قیامت صغری کا منظر ہے، سینکڑوں پاکستانی سیلاب کے باعث اپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سیلاب متاثرہ سینکڑوں زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کرتے ہیں، بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں، مال مویشی، فصلوں، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں اداروں اور مسلح افواج کے ساتھ دن رات کام کر رہی ہیں، مجموعی طور پر37 اعشاریہ 2 ارب روپے سیلاب زدگان کیلئے دیے جا رہے ہیں، ریسکیو کیلئے میں نے فوری طور پر این ڈی ایم اے کو 5 ارب روپے جاری کرائے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہرجاں بحق فرد کے خاندان کو10 لاکھ روپے دیے جائیں گے، زخمیوں، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی دیا جائے گا، متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے، اس امداد کیلئے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنا ہے، امداد کی کوششوں کے دوران پاک آرمی کے افسران نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتارسے متاثرین کی جلد امداد کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ایثار و قربانی میں ہماری قوم سب سے آگے ہے، سب تعاون کریں، سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قائم فنڈ میں دل کھول کرعطیات جمع کرائیں، آئیں مصیبت زدہ بھائیوں کی انصار مدینہ کی طرح مدد کریں۔

قومی خبریں سے مزید