وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ تفتیش میں شہباز گل نے اعتراف کیا ہے کہ نجی ٹی وی پر دیا گیا بیان لکھا ہوا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ شہباز گل کا بیان انفرادی عمل نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی مہم جوئی انفرادی عمل نہیں، ایک جماعتی عمل تھا، انہوں نے تفتیش میں بھی بتایا کہ بیان لکھا ہوا تھا، پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ اس کے پیچھے تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اس شکل میں جاری نہیں رہ سکتی، اندرون خانہ جو کہانیاں ہم سن رہے ہیں، وہ بڑی ہی عجیب ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی نہیں، ق لیگ اور سب سے بڑے ڈاکو کی حکومت ہے، دونوں جماعتوں میں معاملہ چل رہا ہے اور نہ ہی آگے چل سکتا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت نے فیصلہ کرلیا تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کی صورت میں جو یہ باتیں کررہے ہیں ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے خلاف ٹرینڈ چلایا گیا، پوچھتا ہوں کیا اُس کی پی ٹی آئی نے مذمت کی؟ کیونکہ اس مہم جوئی کے پیچھے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز گل کا بیانیہ اور شہدا کے خلاف مہم پی ٹی آئی کا جماعتی عمل تھا، اس حوالے عمران خان کے دست راست کے سیٹلائٹ فون کا فارنزک جائزہ لیا جائے گا۔