پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں افراط زر کی شرح 42 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
شاہ محمود نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 244 روپے لیٹر ڈیزل خرید کر زراعت کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا کسانوں میں سکت نہیں رہی کہ وہ بجلی کے بل ادا کرسکیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کے باعث پس کر رہ گیا ہے، وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کے خلاف مقدمات درج کرنے پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا ہو گا کہ کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر ہے، انہوں نے عوام سے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔