بھارتی فلم ساز و گیت نگار ساون کمار تاک آج ممبئی میں چل بسے، ان کی عمر 86 برس تھی۔ ویسے تو انہوں نے کئی فلمیں بنائیں لیکن انہیں فلم ’صنم بیوفا‘ اور ’سوتن‘ سے کافی شہرت ملی۔
انہیں گزشتہ روز پھیپھڑوں میں انفیکشن اور سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے تشویشناک حالت میں ممبئی کے کوکیلابین دھیرو بائی امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور جمعرات کو چل بسے۔
دریں اثنا ان کی موت پر بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سمیت کئی اسٹارز اور ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اظہار افسوس کرنے کے ساتھ انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔