کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں کھیلوں کے اداروں میں ٹیموں اور کھیل کے شعبے کو بحال کرنے کی ہدایت کردی ۔ اعلان سے ملک بھر میں کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہائوس میں کامن ویلتھ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے یہ حکم جاری کیا، انہوں نے میڈل جیتنے والوں کھلاڑیوں کو انعامی چیک دیے۔ واضح رہے کہ سابق اسپورٹس مین وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں تمام سرکاری اداروں میں کھیلوں کے شعبے اور ٹیمیں بند کرنے کا حکم دیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی سے میڈل جیت کر قومی پرچم بلندکیا اور پاکستان کا نام روشن کیا، ملک و قوم کو آپ پر قوم کو فخر ہے، آپ کی کامیابیوں سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انہوں نے اولمپین جیولن تھرور ارشد ندیم اور تمام کھلاڑیوں کے مطالبات پورے کرنےکا اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری محکموں کو اپنے اسپورٹس شعبے بحال کرنےکا حکم دیا۔ وزیر اعظم نے ارشد ندیم کو دونوں کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے پر ایک کروڑ روپے ، سلور میڈلسٹ کو 30اور برانز میڈلسٹ کو دس لاکھ روپے فی کس نقد دیے۔ ادھر کھیلوں کے حلقوں اور قومی کھلاڑیوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں اداروں میں کھیلوں کے شعبے کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے، ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم، کامن ویلتھ گیز کے گولڈ میڈلسٹ ویٹ لفٹرنوح دستگیر بٹ، انٹر نیشنل ریسلر انعام بٹ، ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ، قومی بیڈ منٹن چیمپئن مراد علی، ماہور شہزاد، ٹیبل ٹینس کھلاڑی فہد خواجہ، پرنیا خان، باکسر محمد الیاس، اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہا نگیر خان، جان شیر خان، سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین، حسن سردار، حنیف خان، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ یہ اسپورٹس کلچر کی بحالی اور کھلاڑیوں کے معاشی مسائل حل کرنے کی جانب اہم فیصلہ ہے۔