پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے ملک میں آئی قدرتی آفت سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے بجائے اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتیں دیکھ کر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
فیصل قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اس ویڈیو میں ان لوگوں پر طنز اور مایوسی کا اظہار کیا ہے جو ملک میں آئی قدرتی آفت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے بجائے ان کے اس مشکل وقت کا فائدہ اٹھا کر امدادی سامان کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مذاق اور مستی اپنی جگہ لیکن ابھی میرے ایک دوست کی کال آئی جوکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کچھ واٹر پروف ٹینٹس بھجوارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہی واٹر پروف ٹینٹس کچھ دوستوں نے کچھ عرصے پہلے اپنے استعمال کے لیے بھی خریدے تھے تو اس وقت ایک ٹینٹ کی قیمت 7 سے 8 ہزار تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ لیکن جیسے ہی ٹینٹ فروخت کرنے والوں کو یہ پتہ چلا کہ ہمیں یہ سیلاب زدگان کو بھجوانے ہیں تو وہی ٹینٹ اب 12، 13، اور 14 ہزار کا ملنا شروع ہوگیا ہے۔
فیصل قریشی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یار، بڑے ہی ایماندار اور مدد گار لوگ ہیں۔