خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر کی وادی کمراٹ میں 30 طلباء و طالبات پھنس کر رہ گئے۔
خاتون سیاح نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ دو دنوں سے جاری بارش اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے وہ پھنس چکے ہیں، تمام طلباء و طالبات کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
طالبہ نے بتایا کہ ہم دو دن سے مدد کے لیے مسلسل ویڈیوز اپ لوڈ کررہے ہیں مگر ہماری مدد کے لیے ابھی تک کوئی بھی نہیں پہنچا، کھانے پینے کی اشیاء بھی ختم ہوگئی ہیں اور ہم یہاں پر بے یار و مددگار موجود ہیں۔
خاتون سیاح نے بتایا کہ وہ اپر دیر میں سخت سردی سے نڈھال ہیں۔ گیلی زمین پر سورہے ہیں جبکہ کھانے پینے بھی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
سیاح نے کہا کہ ہم آخری پیغام دے رہے ہیں معلوم نہیں کل تک ہم ہوں گے کہ نہیں، حکومت سے گزارش ہے کہ ہمیں یہاں سے بحفاظت نکالا جائے۔