• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالام میں پھنسے 50 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

فوٹو اسکرین گریپ
فوٹو اسکرین گریپ

سیلابی ریلے اور بارشوں کی وجہ سے سیاحتی مقام کالام میں پھنسے 50 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

سیاحوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیدوشریف ایئرپورٹ پہنچادیا گیا۔

سیلابی ریلے اور بارشوں کی وجہ سے سیاح کالام میں پھنس گئے تھے۔

واضح رہے کہ نوشہرہ میں سیلابی صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے مزید 5 روز کے لیے بند کردیے گئے، تباہ حال چارسدہ بھی ایک اور سیلابی ریلے کے نشانے پر آگیا۔

سیلابی صورتحال کے باعث نوشہرہ میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 2 ستمبر تک بند رہیں گے۔

چارسدہ ایک اور سیلابی ریلے کے نشانے پر

چارسدہ میں بھی ایک اور سیلابی ریلے سے متعلق بتایا گیا ہے جس سے مزید نقصانات کا اندیشہ ہے، خطرے سے دو چار علاقوں میں متاثرین کو واپس آنے سے روک دیا گیا۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق سیلابی ریلہ آج دوپہر تک چارسدہ پہنچے گا۔

سیلاب سے ہلاکتیں ایک ہزار سے متجاوز

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 33 ہوگئی ہے، 110 اضلاع میں 57 لاکھ 73 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔

این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے مجموعی طور پر ساڑھے 9 لاکھ مکانات اور 3 ہزار 451 کلومیٹر سڑکوں اور 149 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب سے مزید 119 افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہوئے ہیں، مجموعی طور پر 15 سو 27 زخمی ہیں، 83 ہزار مویشی بھی جان سے گئے ہیں۔

سیلابی ریلے پنجاب میں داخل

سوات اور نوشہرہ میں تباہی کے بعد سیلابی ریلے پنجاب میں داخل ہوگئے، میانوالی میں سیلاب کا خدشہ ہے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چارسدہ کے مزید علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے، چارسدہ میں بھی سیکڑوں گھر پانی سے متاثر ہیں۔

دریائے سندھ پر بنے جناح بیراج کے مقام پر آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے، سیلاب سے 47 موضع جات متاثر ہوسکتے ہیں۔

موٹروے ایم ون پر برہان تا پشاور سیلاب کے خدشات

موٹروے ایم ون پر برہان تا پشاور سیلاب کے خدشات ہیں، قومی شاہراہ پر آزاخیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ ہے، بلوچستان میں قلات سے پشین یارو جبکہ سندھ میں کنڈیارو، مورو، سکرنڈ اور مٹیاری کے قریب سیلاب کا خدشہ ہے۔

نیشنل ہائی وے پر حب سے بیلہ سیلاب کا خدشہ ہے، موٹر وے پولیس نے سیلاب کی صورتحال پر الرٹ جاری کردیا جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے اور ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سفر سے پہلے موٹر وے پولیس ہیلپ لائن سے معلومات حاصل کریں۔

قومی خبریں سے مزید