• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرپرینیورز کاروبار کو ترقی دینے کیلئے کیا اقدامات کریں؟

کسی بھی کاروبار کے آغاز کے لیے بڑی سوچ بچار اور کئی معاملات طے کرنا پڑتے ہیں۔ یہ ہرگز آسان نہیں ہوتا، اکثر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی وقت میں کرنے کے لیےہزار چیزیں موجود ہیں۔ ایک بار جب کاروبار کا آغاز ہوجائے تو اس کو ترقی دینے کے لیے بڑے جتن کرنے پڑتے ہیں۔ انٹرپرینیورز کو اپنے تمام اقدامات پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی توانائیوں کو صحیح سمت میں لگانا ہوتا ہے۔ 

خاص طور پر اپنے کاروباری حریفوں پر تحقیق کرنی ہوتی ہے۔ جیسے زندگی کے کچھ معاملات میں انسان غلطی کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ایسے ہی کاروبار میں بھی ذرا سی غلطی کسی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، تاہم بیشتر غلطیوں کو روکا جاسکتا ہے۔ انٹرپرینیورز کو کاروباری معاملات میں کئی اہم فیصلے لینے پڑتے ہیں جو اگر درست طور پر کیے جائیں تو کاروبار کی ترقی کا باعث بنتے ہیں۔

منصوبہ بندی

بنا کسی منصوبہ بندی کے کوئی کاروبار شروع نہیں کیا جاتا اور نہ ہی کاروبار کے دوران منصوبہ بندی کا فقدان ہونا چاہیے۔ آپ کو کاروبار کے حوالے سے تحقیق ضرور کرنی چاہیے، حقیقت پسندانہ مالیاتی تخمینے مرتب کرنا چاہئیں اور سالانہ بجٹ مقرر کرنا چاہیے۔ ایسا کرنے سے آپ کو پتا ہوگا کہ آپ کی مالی ترجیحات کیا ہیں اور آپ کاروبار کو ترقی دینے کے لیے کیا اقدامات اٹھاسکتے ہیں۔ بغیر کسی منصوبہ بندی کے کوئی بھی بڑی خریداری کرنے سے گریز کریں۔ ہر چیز کی خریداری ضرورت کے مطابق اور مناسب وقت پر کریں۔

کفایت شعاری

ہر انٹرپرینیور اپنے کاروبار کے لیے سب کچھ بہترین چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی ، خوبصورت دفتر اور انتہائی باصلاحیت ملازمین میں سرمایہ کاری کرنے کا سوچتا ہے۔ یہ سب کاروباری حریفوں کے مقابلے میں آپ کی کمپنی کو فائدہ دے سکتے ہیں مگر یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ جو پیسہ اس مد میں خرچ کیا جائے گا وہ کمانا بھی ہے۔ لہٰذا ایک حقیقت پسندانہ بجٹ بنانا، اس کے مطابق چلنا اور کفایت شعاری اپنانا آپ کے کاروبار کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اپنا سرمایہ صرف ان چیزوں پر لگائیں جو نہایت ضروری ہیں۔

تحقیق اور مارکیٹنگ

کاروبار کی ترقی کے لیے تحقیق اور مارکیٹنگ میں سرمایہ کاری کرنا نہایت مثبت نتائج فراہم کرتا ہے۔ مثال کے طور پر کنزیومر اور پراڈکٹ ریسرچ ایسے مواقع ظاہر کر سکتی ہے جو اس کے نہ ہونے سے آپ کھودیں۔ دوسری طرف ، مارکیٹنگ میں سرمایہ کاری کرنے میں زیادہ دیر آپ کی سیلز اور آمدنی میں اضافے کو سست کر سکتی ہے۔

کام کے اوقات

مسابقت کی مارکیٹ میں فعال، مؤثر اور منافع بخش ہونا ہر کمپنی کا ہدف ہوتاہے ، لیکن ذمہ داری اور احسن طریقے سے کاروبار کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا اس سے نفع حاصل کرنا۔ کام کے اوقات میں خاص طور پر توجہ مرکوز کریں۔ وقت پرہر کام کرنا آپ کی سب سے بڑی خوبی ہونی چاہیے۔ اگر آپ کام کرنے میں دیر کرتے ہیں تو یہ روش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آپ ذمہ دار نہیں ہیں۔ 

لہٰذا بہتر یہ ہے کہ کوئی بھی کام مقررہ مدت سے پہلے کرنے کی کوشش کریں۔ آپ زندگی بھر اس پر عمل کرسکتے ہیں اور بالآخر ایسے انسان بن سکتے ہیں جو ہمیشہ وقت کی پابندی کرتا ہے۔ وقت کی پابندی کسی بھی شخص کی زندگی میں نظم و ضبط لاتی ہے۔

قابل ٹیم

انٹرپرینیورز کو چاہیے کہ ادارے میں کام کرنے والوں کی باتوں کو کھلے ذہن کے ساتھ سنیں، اگر ان کی تجویز اور تجزیہ بہتر معلوم ہو تو اس پر عمل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ جب انہیں کسی قسم کے چیلنج کا سامنا ہو تو ان کی حوصلہ افزائی کریں اور کام کرنے کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کریں، اس طرح وہ زیادہ محنت، جانفشانی اور لگن سے کام کریں گے۔ 

اگر آپ کی کمپنی میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ کام کرتے ہیں تو یہ بھی ایک مثبت پہلو ہے کیونکہ اس طرح متنوع خیالات کا حصول ممکن ہوتا ہے۔ آپ روایتی اور لگے بندھے اصولوں سے ہٹ کر کام کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں، جو کہ ہمیں ہر شعبے میں مسابقت کے قابل بنا دیتا ہے ۔ اگر آپ اور آپ کی ٹیم محنت و لگن سے اپنا کام جاری رکھتی ہے تو اس کا نتیجہ ادارے کے ویژن اور مشن کے حصول کی صورت میں نکلتا ہے۔

ملازمین پر سرمایہ کاری

کوئی بھی کاروبار اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک ملازمین، ماحول اور گاہکوں پر توجہ نہ دی جائے۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی کاروبار ان لوازمات کے بغیربھی منافع دے، لیکن غالب امکان یہی ہے کہ یہ مختصر وقت کے لیے ہو۔ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں اس میں کام کرنے والے ملازمین کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کرجاتا ہے۔ 

کمپنی کا بنیادی ہدف اسی وقت حاصل کیا جاسکتا ہے جب اس میں کام کرنے والے فعال رہتے ہوئے بھرپور صلاحیتوں کے مطابق اپنے اپنے فرائض انجام دیں۔ اگر کمپنی ان پر رقم خرچ کرکے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے تو یہ سرمایہ کاری ضائع نہیں جائے گی۔ ان کی زیادہ محنت اور توجہ کے نتیجے میں آپ کا کاروبار ترقی کرے گا اور آپ زیادہ منافع کمائیں گے۔

مشاورت

یہ بات یاد رکھیں کہ آپ صرف اعدادوشمار اور رپورٹس کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرسکتے۔نئے تصورات پر جامع تحقیق اور دوسروں سے اس ضمن میں ان کا خیال جاننا یا اگر وہ ماضی میں ایسی کسی صورت ِحال کا تجربہ رکھتے ہوں تو اس بارے میں معلوم کرنا، ادارے کے لیے بہتر ہوتا ہے۔ اپنی ٹیم، مشیروں اور دوستوں کے سامنے اپنے خیالات رکھیں اور پھر ان کی رائے حاصل کرکے کسی بہتر نتیجے پر پہنچیں۔ ایک سے زیادہ امکانات کے بارے میں جانے بغیر کوئی فیصلہ کرنا بالکل بھی درست نہیں ہوتا۔

ایمرجنسی فنڈ

کسی بھی کاروبار میں غیر متوقع اخراجات کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے، جس کے لیے ایمرجنسی فنڈ رکھا جاتا ہے۔ یہ بچت کی ایک شکل ہے جس کا مقصد بحران کے دوران قرض لینے کے بجائے اس فنڈ کو استعمال کرنا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کتنا فنڈ رکھنا بہتر ہے؟ اس کا جواب ہے کہ آپ کے پاس جتنی زیادہ بچت ہو، اتنا ہی بہتر ہے۔ عموماً کہا جاتا ہے کہ اتنا فنڈ ضرور ہو کہ آپ کم از کم تین ماہ تک اپنا کاروبار آرام سے چلاسکیں۔

مالی امور کا ریکارڈ

اپنے کاروباری مالی معاملات پر نظر رکھنے کے لیے اس کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنا ضروری ہے۔ اس کے لیے ایک اچھا اکاؤنٹنگ سافٹ ویئر استعمال کرنا چاہیے، جو آپ کو وہ ڈیٹا فراہم کرے، جس کے تحت بہتر مالیاتی فیصلے کیے جاسکتے ہوں۔ اس کے علاوہ، جب آپ اپنے کاروبار کو مزید بڑھا رہے ہوں گے تو یہ نہ صرف آپ کو کاروباری قرضوں کے حصول میں مدد دے گا بلکہ ممکنہ سرمایہ کاروں کو بھی متوجہ کرے گا۔

غلطی تسلیم کرنا

انسان خطا کا پتلا ہے اور اس سے غلطیاں سرزد ہوتی رہتی ہیں۔ سب سے پہلے تو غلطی کے ارتکاب پر اسے تسلیم کریں اور آئندہ وہی غلطی دہرانے سے گریز کریں، ساتھ ہی غلطیوں سے سیکھیں اور کوشش کریں کہ وہ آپ کے جوش و جذبے کو کم نہ پڑنے دیں۔ 

پیشہ ورانہ زندگی میں ہر کسی کو بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ ان پر قابو پانے کے دوران غلطیاں بھی کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنے کام کی اخلاقیات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو ہر چیز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ غلطیاں کم سے کم ہوں اور ان کا آپ کی کارکردگی پر منفی اثر نہ پڑے۔