ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے میچ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلوی بولر جان ہیسٹنگز کے ایک اوور میں 10 وائیڈ بالز کرنے پر اینٹی کرپشن حکام نے ان سے رابطہ کیا ہے۔
پاکستان کے خلاف میچ میں جان ہیسٹنگز نے ایک اوور میں 10 وائیڈ اور ایک نو بال کروائی تھی، جان ہیسٹنگز کا لیجنڈز لیگ میں پاکستان چیمپئینز کے خلاف 1 اوور 18 گیندوں پر مشتمل تھا۔
جان ہیسٹنگز نے اوور میں 2 مرتبہ مسلسل 5، 5 وائیڈ گیندیں کروائی تھیں، سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے اوور میں 20 رنز دیے، پاکستان چیمپئینز نے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس حوالے سے جان ہیسٹنگز نے اینٹی کرپشن یونٹ کے حکام کے رابطہ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
جان ہیسٹنگز نے ایک انٹرویو میں اینٹی کرپشن یونٹ سے بات چیت کا انکشاف کیا ہے۔
آسٹریلوی بولر نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن کے کچھ لوگ آئے اور کہا کہ گزشتہ روز آپ نے ہمیں مشکل میں ڈالا، انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ ایک بال پر تو آپ نے پچ مس کر دی تھی، جس پر میں نے کہا کہ کیا آپ کا خیال ہے کہ میں نے میچ فکسنگ کی ہے؟ انہوں نے کہا کہ نہیں، لیکن ہم نہیں جانتے کہ آپ 7 برس کہاں رہے؟
جان ہیسٹنگز نے مزید کہا کہ میں نے جواب دیا کہ کرپٹ نہیں ہوں، پاکستان کے خلاف میچ کی وضاحت مشکل ہے، مجھے کرکٹ سے متعلقہ سوشل میڈیا پر ڈیڑھ ملین لوگوں نے پیغامات بھیجے، میں نے 3 روز اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند رکھا، مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ میں کیا کروں۔
آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ یہ سب میرے لیے شرمناک تھا، یہ تکلیف دینے والی چیز بھی تھی، میں نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد ریٹائرمنٹ پارٹی بھی دی۔
خیال رہے کہ جان ہیسٹنگز ریٹائرڈ پلیئرز کی لیگز کے ساتھ 2022ء سے منسلک ہیں۔