• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تابش ہاشمی نے بھارتی طیارہ گرانیوالے اسکواڈرن لیڈر کے ساتھ یادگار تصویر شیئر کر دی

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

معروف کامیڈین اور میزبان تابش ہاشمی نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے دوران غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرنے اور بھارتی طیارہ رافیل گرانے والے اسکواڈرن لیڈر کے ساتھ یادگار تصویر شیئر کر دی۔

خیال رہے کہ مئی میں بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات پر میزائل داغے تھے، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 جہاز اور 1 ڈرون مار گرایا تھا۔

پاک فضائیہ نے جو 6 بھارتی طیارے مار گرائے ان میں فرانسیسی کمپنی کے تیار کردہ 3 جدید طرز کے رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے معروف کامیڈین اور ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی نے ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے گروپ فوٹو کے کیپشن میں تابش ہاشمی نے لکھا ہے کہ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی رسالپور میں 06-2005ء کی اس تصویر میں آل پاکستان ڈیکلیمیشن مقابلے کے فائنلسٹ ہیں۔

تابش ہاشمی نے لکھا ہے کہ میری بائیں جانب اسکواڈرن لیڈر محمد اسامہ اشفاق  ہیں جنہوں نے معرکۂ حق میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا اور انہیں ستارۂ جرأت عطاء کیا گیا ہے۔

میزبان و کامیڈین نے لکھا ہے کہ اس تصویر میں پاکستان بھر سے میرے دور کے بہترین مقررین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان المرصوص کا حصہ تھیں، پاک فوج کی جانب سے ’معرکۂ حق‘ 22 اپریل سے 10 مئی 2025ء کی تفصیلات بھی جاری کی گئی تھیں، آپریشن بنیان مرصوص ’معرکۂ حق‘ کے تحت بھارتی فوج کے بزدلانہ حملوں کے ردِعمل میں کیا گیا۔

10 مئی کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے افواج پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی ایئر بیسز اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔

آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ہی پاک فضائیہ نے اپنے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سانک میزائل کے ذریعے بھارت کے جدید ترین ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید