• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈان 3 کی کہانی کیا شاہ رخ خان کو متاثر نہ کرسکی؟

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے فرحان اختر کی فلم ڈان تھری مسترد کردی، کیا انہیں کہانی مکمل طور پر متاثر نہ کرسکی؟

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان فلم ڈان کے تیسرے حصے کو کرنے کے حوالے سے رضا مند نہیں ہیں، انہوں نے اسکرپٹ متاثر کن نہ ہونے کی وجہ سے اب تک فلم سائن نہیں کی۔

شاہ رخ خان اور بالی ووڈ کے مداح کافی عرصے سے پوچھ رہے ہیں ڈان کا تیسرا حصہ کب بنے گا؟ اب فرحان اختر کی فلم کی کہانی لکھنے کی تصویر سامنے آگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی ڈان کے پوسٹر پر دستخط کرنے کی تصویر شیئر کی، جس کے بعد مداح صرف فلم کے باضابطہ اعلان کے منتظر تھے۔

لیکن اب لگتا ہے کہ فلم کی تیاری کے آغاز میں ہی رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے، مبینہ طور پر شاہ رخ خان فلم کے اسکرپٹ سے مکمل طور پر قائل نہیں ہوئے، اس لیے انہوں نے فی الحال اس کی منظوری نہیں دی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ درست ہے کہ ڈان تھری کا اسکرپٹ شاہ رخ خان کو دیا گیا تھا اور انہوں نے اُسے مسترد کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایسا نہیں کہ شاہ رخ خان کو اسکرپٹ پسند نہیں، بات بس اتنی سی ہے کہ وہ انہیں متاثر نہیں کرسکا۔

رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے بادشاہ جانتے ہیں ڈان ایک مشہور کردار ہے، جسے وہ مکمل اعتماد کے بعد ہی کرنا چاہیں گے، باکس آفس کی صورتحال بھی بدل چکی ہے، اس لیے وہ فلم سائن کرنے سے پہلے اس کی کہانی کے حوالے سے اطمینان چاہتے ہیں۔

ذرائع نے میڈیا کو مزید بتایا کہ فرحان اختر شاہ رخ کا فیڈ بیک لینے کے بعد واپس لوٹ گئے ہیں، اب امید کی جاسکتی ہے کہ اگلی بار جب دونوں کی ملاقات ہوگی تو بالی ووڈ کے بادشاہ فلم بخوشی سائن کرلیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید