بالی ووڈ کے اپنے عہد کے سب سے بڑے ولن مرحوم امجد خان کے بیٹے شاداب خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم انڈسٹری نے ان کے والد کے ایک کروڑ 27 لاکھ روپے ادا نہیں کیے تھے، کئی فلم ساز اور پروڈیوسرز ان کے والد کے مقروض تھے، لیکن کسی نے بھی آگے بڑھ کر یہ رقم واپس نہیں کی۔ ایسے میں انڈر ورلڈ ڈان نے ہمیں مدد کی پیشکش کی لیکن میری والدہ نے یہ مدد لینے سے منع کر دیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں شاداب خان نے انکشاف کیا کہ انڈسٹری کو میرے والد کے سوا کروڑ روپے سے زیادہ رقم ادا کرنا تھی۔ یہ رقم بڑے اور معروف پروڈیوسرز پر واجب الادا تھی، لیکن کسی نے بھی ادائیگی نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس زمانے میں یہ رقم اتنی زیادہ تھی کہ ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں تین سے چار فلیٹس خریدے جا سکتے تھے۔ شاداب خان کے مطابق ان کے والد نے ان لوگوں کے قرض معاف کر دیے تھے جو ادائیگی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے، لیکن جو لوگ رقم واپس کر سکتے تھے، انہوں نے بھی ادائیگی نہیں کی۔
جس پر والد کی موت کے چند ماہ بعد ایک انڈر ورلڈ ڈان نے فون کر کے پیشکش کی کہ وہ یہ رقم واپس دلوا سکتا ہے، مجھے یاد ہے کہ میں نے وہ کال اٹھائی تھی۔ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک انڈر ورلڈ ڈان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ امجد صاحب کے اتنے پیسے واجب الادا ہیں، ہم تین دن میں یہ رقم آپ کے دروازے تک پہنچا دیں گے۔
تاہم میری والدہ شہلا خان نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ والدہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے کبھی انڈر ورلڈ سے کوئی فائدہ نہیں لیا، میں اب یہ روایت شروع نہیں کرنا چاہتی۔ اللہ ہمارا خیال رکھے گا۔
واضح رہے کہ مرحوم امجد خان نے اپنے دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں 130 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ فلم شعلے میں گبر کے یادگار کردار کی وجہ سے آج بھی انھیں یاد کیا جاتا ہے۔ انکا 51 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا تھا۔