• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوپم کھیر کو بڑے فلمساز اب کام کیوں نہیں دیتے؟

بھارتی لیجنڈ اداکار انوپم کھیر نے کہا ہے کہ آدیتا چوپڑا اور کرن جوہر کا چہیتا تھا لیکن اب انہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انوپم کھیر نے اپنے تازہ انٹرویو میں ساجد ناڈیاڈوالا، کرن جوہر اور آدیتا چوپڑا کی طرف سے فلموں کی پیشکش نہ ہونے کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے دوران گفتگو فلم انڈسٹری میں بطور اداکار اپنی جگہ بنانے کے لیے کی گئی محنت کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی بتایا کہ کرن جوہر، آدیتا چوپڑا اور ساجد ناڈیاڈوالا، جو ان کے دوست رہے ہیں، وہ اب انہیں فلم میں کرداروں کی پیشکش کیوں نہیں کرتے ہیں۔

انوپم کھیر نے 500 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی متنازع فلم ’دی کشمیر فائلز ‘ بھی شامل ہے۔

ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی 2 فلمیں کامیاب رہی ہیں، اس کے باوجود انہیں بڑے پروڈیوسرز کی طرف سے کرداروں کی آفرز نہیں ہو رہی ہیں، اُن کی اگلی فلم سوراج براجاتیا کی ’اُنچائی‘ ہے۔

انوپم کھیر جو دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ویر زار سمیت کئی فلمیں جو کرن جوہر اور آدیتا چوپڑا نے پروڈیوس کی، میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

دوران انٹرویو اداکار نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں ان کا چہیتا تھا مگر اب نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر حالات بدل گئے ہیں، میں اب بھارت کے مین اسٹریم سینما کا حصہ نہیں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں فی الحال کرن جوہر کی کسی فلم کا حصہ نہیں ہوں، نہ ہی ساجد ناڈیاڈوالا کے کسی پراجیکٹ کا حصہ ہوں اور نہ ہی آدیتا چوپڑا نے مجھے کوئی فلم آفر کی ہے۔

انوپم کھیر نے کہا کہ میں نے ان سب کے ساتھ فلمیں کیں، ایک وقت تھا میں ان کا چہیتا تھا، یہ الزام نہیں ہے کہ اب یہ فلمساز مجھے کاسٹ نہیں کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب میں نے اپنا راستہ ڈھونڈ لیا ہے، میں نے ایک تامل، ایک تلگو فلم کی ہے جبکہ سوراج براجاتیا کی ’اُنچائی‘ کا حصہ بھی ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ میں نے کیسے اپنے ہنر سے محنت کو دوبارہ دریافت کیا، میں بیٹھ کر یہ بھی کہہ سکتا تھا کہ ارے یار، میرے دوست جو ایک زمانے میں، میرے اتنے قریبی تھے، مجھے اب اپنی فلموں میں لیتے ہی نہیں، تو میں اب کیا کروں، میں تو برباد ہوگیا۔

انوپم کھیر نے یہ بھی کہا کہ یقیناً مجھے تکلیف ہوتی ہے، دکھ ہوتا ہے، وہ فلموں میں کیوں نہیں لیتے، میں تو ان کی تمام ہی فلموں میں کام کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کوئی شکایت نہیں کر رہا، نہ ہی انہیں روک رہا ہوں بلکہ کہہ رہا ہوں جب ایک دروازہ بند ہوتا ہے تو پھر دوسری کئی کھڑکیاں اور دروازے کھل جاتے ہیں۔

انوپم کھیر کی اگلی فلم کنگنا رناوت کے ساتھ ’ایمرجنسی‘ کے نام سے آرہی ہے، جس میں اداکارہ نے اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید