• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سیلاب سے 1000 سے زائد ہلاکتوں پر ملکہ انتہائی غمزدہ

لندن (پی اے) پاکستان میں سیلاب سے 1000 سے زائد ہلاکتوں کے بعد ملکہ انتہائی غمزدہ ہو گئیں۔ واضح رہے کہ سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 10 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ مرنے والوں کی تعداد کم از کم 1061بتائی گئی ہے۔ ملک کے صدر عارف علوی کے نام ایک پیغام میں ملکہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب سے ہونے والے المناک جانی اور مالی نقصان کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میرے احساسات ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو متاثر ہوئے ہیں اور ساتھ ہی وہ لوگ جو مشکل حالات میں بحالی کی کوششوں میں مدد کے لئے کام کر رہے ہیں۔ برطانیہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، جب آپ ان خوفناک واقعات سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ بکنگھم پیلس کے جاری کردہ پیغام پر الزبتھ آر کے دستخط تھے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ تباہی 2010 سے بھی بدتر ہے، جب سیلاب سے 1700 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان میں موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کو کہا کہ ملک کو سنبھلنے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے کہا کہ اس نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں اور ان کے شراکت داروں کے لئے سیلاب سے نمٹنے کے لئے 2.6 ملین پونڈز مختص کئے ہیں۔ پاکستان کی وزیر موسمیات شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں اس سال شدید بارشیں ہوئیں، جس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔ غیر معمولی بارشوں نے ملک کے چاروں صوبوں کو متاثر کیا ہے، 150 سے زائد پل تباہ اور متعدد سڑکیں بہہ گئی ہیں، جس سے امدادی کارروائیاں مشکل ہو رہی ہیں۔ کم از کم 6500 فوجیوں کو ملک بھر میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں سویلین حکام کی مدد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو ملک کے شمال مغرب میں سیلاب سے تباہ ہونے والے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور کہا ہے کہ حکومت ان لوگوں کو گھر فراہم کرے گی جو اپنا گھر کھو چکے ہیں۔

یورپ سے سے مزید