مردان(ایجنسیاں)مردان میں تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ سے کونسلر سمیت 4افرادجاں بحق اور7زخمی ہوگئےجن میںسے 2افرادکی حالت تشویش ناک ہےجبکہ علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے‘ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق مردان کی یونین کونسل ہوتی میں تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے لیے پی ٹی آئی کے کارکنان ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں تھے کہ اس دوران مخالف گروپ نے ریلی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ7 زخمی ہوگئے ‘تھانہ ہوتی کے ایس ایچ او مراد خان کے مطابق تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر علاقے میں ایک شمولیتی جلسے کے لئے کارکنوں کے جلوس میں جا رہے تھے کہ مخالف سیاسی جماعت اے این پی کے کارکنوں سے ان کاآمنا سامنا ہوا‘تکرارکے بعد دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر مہمند خان، بلدیہ مردان کے ملازم اکرام، شاہ جہان اور قاسم خان موقع پر جاں بحق ہوگئے‘ ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں نے علاقے میں مورچے سنبھالے ہوئے ہیں‘پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کےدرمیان انتخابی رنجش چلی آرہی تھی تاہم ابھی تک باقاعدہ مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔