پاکستان انگلینڈ کی ہوم سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی، ایک گھنٹے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دو انکلوژر کے ٹکٹس فروخت ہوگئے، ٹکٹ کی سب سے کم قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔
پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت آج صبح شروع ہوئی اور ایک گھنٹے میں ہی نیشنل اسٹیدیم کراچی میں ہونے والے چاروں میچز کے دو انکلوژر کے ٹکٹس مکمل فروخت ہوگئے۔
نسیم الغنی اور اقبال قاسم انکلوژر کے ٹکٹس کی قیمت 250 روپے مقرر ہے دونوں انکلوژر کے ٹکٹ اب فروخت کیلئے دستیاب نہیں ہیں البتہ اسی قیمت کے دوسرے دو انکلوژر کے ٹکٹ فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کے ستمبر میں دورۂ پاکستان کے لیے ایک شناختی کارڈ پر ایک ٹکٹ بک کرایا جاسکتا ہے جبکہ بچوں کے ٹکٹ بذریعہ ب فارم خریدے جاسکتے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں چار ٹی ٹوئنٹی میچ 20 سے 25 ستمبر کراچی میں کھیلے جائیں گے، جبکہ سیریز کا دوسرا مرحلہ لاہور میں 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک ہوگا جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہونگے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں ٹکٹوں کی قیمتیں 250 سے15 سو روپے تک ہیں جبکہ لاہور میں ٹکٹ 250 سے 3 ہزار روپے تک میں ٹکٹ دستیاب ہوگا۔