• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید علی گیلانی کشمیریوں کے ہیرو اور سچی آواز تھے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کشمیری رہنما مرحوم سید علی گیلانی کو جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی زندگی کے دوران طویل مدت قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ مشکلات کے باوجود علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی۔ مرحوم علی گیلانی نے تین کشمیری نسلوں کو اپنی جدوجہد سے متاثر کیا۔ وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے، اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنے عظیم مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ غیر مشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی گیلانی کی وفات سے کشمیری ایک عظیم اور پرعزم رہنماء سے محروم ہوگئے لیکن ان کی رہنمائی اور جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے۔ ایسی عظیم شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ مصمم رہے۔ وہ پہاڑ کی مانند کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر قائم رہے۔ ان کی یہ جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم، سید علی گیلانی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور کشمیریوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق  دے، آمین۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید