• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہانگ کانگ کو ہراکر سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

ایشیا کپ ٹی 20 کے چھٹے گروپ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو باآسانی 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔

گرین شرٹس کے193 رنز کے جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم صرف 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، حریف ٹیم کا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا، کپتان نزاکت خان 8 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور رہے۔

شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز نے 3، نسیم شاہ نے 2 اور شاہنواز دہانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعے پر گری، کپتان بابر اعظم صرف 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں احسان خان نے میدان بدر کیا۔

اس کے بعد اوپنر محمد رضوان نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 116 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ہانگ کانگ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

129 کے مجموعے پر فخر زمان 41 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی باری کھیلی، وہ احسان خان کا دوسرا شکار بنے۔

اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کےلیے خوشدل شاہ کریز پر آئے، انہوں نے 15 گیندوں پر 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، اس دوران 5 چھکے لگائے۔

محمد رضوان جنہوں نے میچ کے دوران 5 ہزار ٹی 20 رنز بنانے کا سنگ میل عبور کیا، نے 57 گیندیں کھیلیں اور ناقابل شکست رہتے ہوئے 78 رنز بنائے۔

اس سے قبل شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

گروپ مرحلے کا یہ آخری میچ ہے، پاکستان اور ہانگ کانگ  کے لیے یہ میچ ’ڈو اور ڈائی‘ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جس کی فاتح ٹیم ایونٹ کے سپر 4 مرحلے کا حصہ بن جائے گی۔

ٹاس جیتنے کے بعد ہانگ کانگ ٹیم کے کپتان نزاکت خان نے کہا کہ ہم نے بھارت کے خلاف اچھی بولنگ کی، ہم ہدف کے تعاقب میں اچھے ہیں، اس لیے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں ہم بھی بولنگ کرنا چاہتے تھے، پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ایونٹ میں دونوں ٹیموں کو بھارت نے گروپ میچز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔

ایونٹ کے اگلے مرحلے کے لیے پہلے ہی بھارت، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید