قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 5 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں، انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف شارجہ کے میدان میں 48 واں رن لے کر اہم ترین سنگ میل عبور کیا۔
وکٹ کیپر بیٹر ٹی 20 کرکٹ میں 5 ہزار رنز بنانے والے ساتویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
محمد رضوان سے قبل شعیب ملک، کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، کامران اکمل، احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی ٹی 20 کرکٹ میں 5 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے شعیب ملک 11 ہزار 698 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ بابر اعظم جو آج صرف 9 بناکر پویلین لوٹ گئے تھے، نے اب تک 7 ہزار 890 رنز بنائے ہیں۔
مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ نے 7 ہزار 811، کامران اکمل نے 6775، احمد شہزاد نے 6446 اور عمر اکمل نے 5 631 رنز بنا رکھے ہیں۔