• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں چوری ہونے والی مہنگی گاڑی کراچی سے مل گئی


برطانوی دارالحکومت لندن سے چوری ہوئی مہنگی گاڑی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 کے ایک گھر سے مل گئی۔

لندن کی ایجنسی کی اطلاعات پر کسٹمز انٹیلی جنس اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔

گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی، گھر کا مالک اس کے کاغذات بھی پیش نہ کر سکا، گاڑی کسی اور ملک کے سفارت خانے کے جعلی کاغذات پر منتقل کی گئی۔

جس گھر سے گاڑی برآمد ہوئی، اس کے رہائشی جمیل شفیع نے کسٹمز حکام کو بتایا کہ اسے نوید بلوانی نامی شخص نےگاڑی دلوائی ہے، کسٹمز نے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا، گاڑی کسٹمز کے ویئر ہاؤس منتقل کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی بیچنے والے ملزم نور یامین کے گھر سے مختلف اقسام کے 24 ہتھیار برآمد ہوئے، جن میں سے 21 ہتھیاروں کے لائسنس اُس نے پیش کردیے۔

پولیس حکام کے مطابق دیگر 3 ہتھیاروں کے لائسنس پیش نہیں کیے جاسکے، برآمد ہتھیاروں اور لائسنس کی بھی تصدیق کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ہتھیاروں کی درآمد اور لائسنسوں کی تاریخوں میں فرق پایا گیا ہے، ملزم نوید یامین کے خلاف کراچی اور حیدرآباد کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق لندن سے چوری ہونے والی گاڑی مشرقی یورپی ملک کے سفیر کے نام پر منگوائی گئی، سفارتی سطح پر چوری کی گاڑی برآمد گی کا علم ہونے پر ملک نے اپنا سفیر واپس بلوالیا۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق گاڑی چوری اور کراچی میں موجودگی کی اطلاع برطانوی کرائم ایجنسی نے دی، کراچی میں جسے گاڑی بیچی گئی، اُسے کہا گیا کہ ستمبر 2022ء سے پہلے اسے سڑک پر نہیں لانا۔

دوسری کارروائی میں کسٹمز حکام نے کلفٹن کی رہائشی عمارت میں چھاپا مار کر کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑی تحویل میں لے لی۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق دو دریا پر قائم اپارٹمنٹ سے مزید کئی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کی گئیں، کسٹمز انٹیلی جنس اور پولیس کا آپریشن تاحال جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید