چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو طیبہ گل اور اس کے اہلِ خانہ کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
نور عالم خان کی زیر صدارت پی اے سی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف امور زیرِ بحث آئے، جبکہ اجلاس میں چیئرمین نیب بھی پیش ہوئے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے چیئرمین نیب کو طیبہ گل اور اس کے اہلِ خانہ کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے پر طیبہ گل کے الزامات غلط ثابت ہوئے تو کیس عدالت جائے گا۔
اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کا ہیلی کاپٹر کیس بھی زیر بحث آیا۔
اس سلسلے میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کیس میں عمران خان سے ادائیگیوں کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا۔
اس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو طلب کرلیا۔
اجلاس کے دوران رکن کمیٹی نزہت پٹھان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہیلی کاپٹر کیس میں 7 کروڑ کے مقروض ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی ہزار روپے کا مقروض ہو تو الیکشن میں کاغذات قبول نہیں ہوتے، عمران خان اس بار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس میں 1800 نادہندہ افراد کی فہرست تیار کی گئی ہے، تمام نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن سمیت سب اداروں کو بھیجیں گے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہیلی کاپٹر کیس میں تمام نادہندہ افراد کی فہرست طلب کرلی۔
اس حوالے سے نور عالم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں انتخابات ہو رہے ہیں، نادہندہ افراد ادائیگی پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نیب فوری طور پر تمام لوگوں کی فہرست کے ساتھ الیکشن کمیشن کو خط لکھے۔