اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا ایران نیوکلیئر ڈیل رکوانے کے لیے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔
موساد چیف وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداران، سی آئی اے ڈائریکٹر، امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، پینٹاگون اور دفتر خارجہ کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بارنیا اسرائیل کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں ایران ڈیل کے سب سے بڑے مخالف ہیں اور وزیراعظم یائر لاپد بھی اسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
پچھلے ہفتے وزیر دفاع بینی گینٹز اور نیشنل سیکیورٹی کونسل چیف ایال ہولاتا نے بھی واشنگٹن میں بائیڈن انتظامیہ کے اہم عہدیداران سے ملاقاتیں کی تھیں۔
وزیراعظم یائر لاپد نے خود صدر جو بائیڈن کو اس سلسلے میں پچھلے ہفتے فون کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔