لا ہور( جنرل رپورٹر ) صوبے کے عوام کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے جدید سہولیات سے لیس سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کئے جارہے ہیں اور گوجرانوالہ میں 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے جس پر 3ارب 9کروڑ روپے خرچ ہو ں گے-یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے ہمراہ گوجرانوالہ میں زیر تعمیر 500بستروںپر مشتمل ہسپتال کے دورہ کے موقعہ پر کہی- پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محسن آفتاب نے زیر تعمیر منصوبے کے بارے میں مشیر صحت کو بریفنگ دی-پروفیسر محسن آفتاب نے بتایاکہ ہسپتال کی عمارت چھ منزلہ ہوگی جس کے تین بلاک ہوں گے او رکل تعمیر شدہ(کورڈ) ایریا3 لاکھ 60ہزار مربعہ فٹ ہے جبکہ ہسپتال کا کل رقبہ 6ایکڑ پر مشتمل ہے-