صوابی( نمائندہ جنگ)پنج پیر پوٹھو ہار بائی پاس نہر کے مقام پر زبانی تکرار پر دو بھائیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ۔ گلزار ولد جمعہ گل سکنہ مانیری بالا حال بام خیل نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد جمعہ گل اور چچا صابر شاہ کو مبینہ طور پر نعیم گل اور ان کے بھائی زرین گل سکنہ گلوڈھیری بام خیل نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ وجہ قتل یوں بیان کی ہے کہ مقتولین اور ملزمان کے مابین چند یوم قبل زبانی تکرار ہوئی تھی ،پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا، صوابی پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔