• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کی بابر اور رضوان کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی کی تعریف کی ہے۔

کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے فتح حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے میچ میں روایتی حریف  بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے 152 کا ہدف حاصل کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی، آج انگلینڈ کے خلاف بغیر کسی نقصان کے 203 رنز بنائے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے قومی پرچم اور تالی کی ایموجی بھی استعمال کی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ڈبل سنچری پارٹنر شپ بنا کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے یہ ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم 11 چوکوں اور 5 چھکوں کے ساتھ 66 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تو محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 5 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 88 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید