پشاور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نےضلع کوہاٹ میں 12ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سے نواز شریف کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے لیکن وہ احتساب سے پھر بھی بچ نہیں سکتے ۔ انہیں لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب دینا ہوگا ۔ڈیزل کے کاروبار میں ملوث ہونے پر مولانا بھی خود کو احتساب کیلئے تیار رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سپورٹس سٹیڈیم کوہاٹ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے پاکستان تحریک کے چیئرمین عمران خان، پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہرجدون، علی محمد خان، عائشہ گلالئی، سینٹر شبلی فراز، صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی ایڈوکیٹ اور اراکین صوبائی اسمبلی ضیا ء اﷲ بنگش، گل صاحب خان خٹک، شاہ فیصل، زرین ضیاء اور دینا ناز خٹک بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کوہاٹ میں 12 ارب روپے کے 7 منصوبوں بشمول چورلکی ، نظام پور روڈ، کوہاٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ، ہنگو بائی پاس روڈ، کوہاٹ یونیورسٹی کے دورویہ روڈ، گلشن آباد روڈ اور سیٹیزن فسیلٹیشن سنٹر کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف خدمت کیلئے اقتدار میں آئی ہے، صوبے سے چوروں کا صفایا کرکے اور نظام کو درست کرکے عوام کو حقیقی تبدیلی سے روشناس کرے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ورثے میں ملی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور تباہ حال طبی و تعلیمی ادارے 2018 تک ٹھیک کرنے کے علاوہ عوام کو کرپٹ نظام سے مکمل چھٹکارا دلائیںگے ۔ سکولوں اور ہسپتالوں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنادی ہے، اسی طرح ہر شعبے میں تبدیلی لا کر عوام کو اچھی طرز حکمرانی کا نظام دیں گے۔وزیراعلی نے اس موقع پر 35 کروڑ روپے کے کوہاٹ جوڈیشل کمپلیکس اور ایک نئے کالج کی تعمیر اور گمبٹ تحصیل کا اعلان کرنے کے علاوہ سپاسنامے میں پیش کئے گئے تمام مطالبات پورے کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے نواز شریف کے خیبرپختونخوا کے حالیہ دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹے اعلانا ت کرتے ہیں ، وہ عوام کو بتائیں کہ تین سال بعد انہیں خیبرپختونخوا کیوں یاد آیا وہ اس دوران کہاں تھے۔ انہوں نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاق روزانہ خیبرپختونخوا کی 600 میگاواٹ بجلی چورا کر عوام کو ناروالوڈشیڈنگ کا تحفہ دے رہا ہے لیکن ہم ان پر واضح کرتے ہیں کہ ہم اپنے حصے کی بجلی حاصل کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور اپنے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے نوازمولانا اتحاد کے بارے میں کہاکہ پی ٹی آئی نے 2013 میں ان دونوں کا جنازہ نکالا تھا اور2018 میں اس اتحاد کا ہمیشہ کیلئے مکمل خاتمہ کرکے اس کا آخری جنازہ بھی نکال دیں گے۔ ۔مولانا کو پارٹنر رکھ کروزیراعظم اپنے آپ کو نہیں بچا سکتے،مولانا سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیراعلی پرویز خٹک نے کہا کہ وہ بھی احتساب سے نہیں بچ سکتے ہیں کیونکہ وہ اب بھی ڈیزل کے کاروبار میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اور پچھلی حکومتوں کے کاموں کے معیار میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ 70 سال کا گند پی ٹی آئی کے کندھے پر ڈال دیا گیا ہے۔