• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کے طلباء نے ’فلڈ پروف مکانات‘ ڈیزائین کر لیے

فوٹو بشکریہ انسٹا گرام
فوٹو بشکریہ انسٹا گرام 

جامعہ کراچی کے طلباء نے فلڈ پروف مکانات ڈیزائن کر لیے، جنہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ باآسانی منتقل کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، جامعہ کراچی کے طلباء نے ایک جگہ سے دوسری جگہ آسانی سے منتقل ہونے والے فلڈ پروف مکانات ڈیزائن کرلیے ہیں، جن کی قیمت صرف 50 ہزار سے1لاکھ روپے تک ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے ڈیپارٹمنٹ آف ویژول اسٹڈیز  کے طلباء نے مکانات کا کم قیمت، ماحول دوست اور موبائل ڈیزائن پیش کیا ہے جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں، خاص طور پر دیہاتوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ مکانات صرف 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے میں تعمیر کیے جا سکتے ہیں، ان کی تعمیر  کے لیے صرف بانس، فرش کی چٹائی، مٹی اور ری سائیکل شدہ پلاسٹک کی بوتلیں درکار ہوں گی۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ سیلاب کی صورت میں ان گھروں کو اپنے اندر موجود ہر چیز جیسے فرنیچر، کراکری وغیرہ کے ساتھ آسانی سے مختلف محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا جا سکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ انسٹا گرام
فوٹو بشکریہ انسٹا گرام

یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی اہم ہے کہ یہ مکانات کسی بھی طرح سے لوگوں کے رہنے سہنے کے طریقے کو متاثر نہیں کریں گے۔

دریں اثناء طلباء نے حالیہ سیلاب کے پیشِ نظر ان گھروں کے ڈیزائن میں گھروں کی دیواریں 15 فٹ تک اونچی کر دی ہیں کیونکہ ملک میں آنے والے حالیہ سیلاب میں گھروں کی 10 فٹ اُونچی دیواریں بھی ڈوب گئی ہیں۔

طلباء کا اپنے اس ڈیزائن کی وضاحت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سخت موسمی حالات اور سیلاب نے انہیں گھر کا ایسا ہلکا پھلکا ماڈل تیار کرنے کے لیے متاثر کیا جسے انہوں نے متاثرینِ سیلاب کے طرزِ زندگی، ثقافت اور روایات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا ہے۔

جامعہ کراچی کا انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اس ماڈل کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید