جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نومبر والی تبدیلی آئین کے مطابق ہوگی۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کچھ معاملات کے پیچھے بعض این جی اوز ہوتی ہیں، پارلیمنٹ میں جو بھی چیز ہو کر کھل کر سامنے لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کے ذریعے سیاسی اور عمران خان کے ذریعے معاشی عدم استحکام لایا گیا تو ہم نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار واپس آرہے ہیں تاکہ ہم موجودہ معاشی صورتحال سے نکلیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اندر سے غلام اور باہر سے آزادی کی بات کرنا منافقت ہے، یہ حکومت قلیل المدت ہے، نومبر والی تبدیلی آئین کے مطابق ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہماری ریاستی سطح کی پالیسیوں میں کمزوریاں رہی ہیں، ساڑھے 3 سالوں کی خرابیاں ساڑھے 3 مہینوں میں ٹھیک نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے استعفے دے دیے ہیں اور اب عمران خان 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باعث حکومت انتخابی حلقوں میں توجہ نہیں دے پارہی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے ٹرانس جینڈر سے متعلق ترمیم تیار کرلی ہے۔