• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر
کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر

حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ کے باعث پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی جبکہ اس سیریز کے 3 میچ ابھی باقی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 163 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

پاکستانی بولرز نے ابتدا میں انگلینڈ کو دباؤ میں لیتے ہوئے اس کے تین ٹاپ آرڈر بلے بازوں فل سالٹ، ایلکس ہیلز اور ول جیکس کو پویلین کی راہ دکھائی، تینوں نے بالترتیب 8، 5 اور صفر رنز بنائے۔

اس کے بعد بین ڈکٹ نے گزشتہ میچ کے ہیرو ہیری بروک کے ساتھ مل کر اپنی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور اسکور 57 پر پہنچایا جہاں وہ 33 رنز کی اننگز کھیل کو پویلین لوٹے۔

کپتان معین علی اور ہیری بروک کے درمیان 49 رنز کی پارٹنرشپ نے ایک مرتبہ پھر انگلش ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

106 کے مجموعے پر جب معین علی 29 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ ہیری بروک کو بھی پاکستانی بولرز نے 113 کے مجموعے پر محمد وسیم نے میدان بدر کردیا، جنہوں نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایسے میں لیام ڈاؤسن نے ڈیوڈ وِلی کے ساتھ مل کر میچ کو ڈیپ لے جانے کی کوشش کی، جس میں وہ کامیاب رہے۔

حارث رؤف نے ولی کو کلین بولڈ کیا جس کے بعد انگلینڈ کو جب آخری تین اوورز میں جیت کے لیے 33 رنز درکار تھے تو ایسے میں لیام ڈاؤسن نے 17ویں اوور میں، جو محمد حسنین نے کروایا، 24 رنز بٹور کو میچ کو ون سائیڈڈ کردیا۔

فاسٹ بولر حارث رؤف 19واں اوور کروانے کے لیے آئے تو پہلی گیند ڈاٹ کروا کر دوسری ہی گیند پر لیام ڈاؤسن نے انہیں چوکا رسید کیا۔

انگلینڈ کو جیت کے لیے جب 5 رنز درکار تھے تو ایسے میں حارث رؤف نے لیام ڈاؤسن کو کیچ آؤٹ کروایا جبکہ اگلی ہی گیند پر اولی اسٹون کو بولڈ کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔

آخری اوور میں انگلینڈ کی ٹیم کو جیت کے لیے 4 رنز درکار تھے، لیکن محمد وسیم کی تیز گیند کی وجہ سے انگلش کھلاڑی بڑی شاٹ نہ کھیل سکے اور سنگل رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔ یوں قومی ٹیم نے یہ میچ 3 رنز سے اپنے نام کیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

قومی ٹیم کے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 97 رنز کا آغاز فرہم کیا، اس مجموعے پر بابر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

انگلش بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بیٹرز کو بڑے شاٹ کھیلنے سے روکے رکھا، تاہم پھر بھی رضوان اور شان مسعود کے درمیان 40 گیندوں پر 52 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ 

شان مسعود 149 کے مجموعے پر 19 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیل کر ڈیوڈ وِلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جبکہ 152 پر 2 رنز بنانے والے خوشدل شاہ اور 88 رنز کی اننگز کھیلنے والے محمد رضوان بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد قومی بیٹرز صرف 14 رنز کا اضافہ کرسکے جس میں سے آخری اوور میں آصف علی کے دو چھکے شامل ہیں۔ 

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔ 

پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں دو جبکہ انگلینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ 

انگلینڈ کی ٹیم میں ایلکس ہیلز کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ڈاؤڈ ملان کو آرام دیا گیا ہے اور ڈیوڈ ولی کی جگہ پر سیم کرن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

اسی طرح فاسٹ بولر مارک ووڈ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ان کی جگہ پر اولی اسٹون کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ 

پاکستان ٹیم میں شاہنواز دہانی کی جگہ پر محمد وسیم جبکہ حیدر علی کی جگہ پر آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ 

پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، آصف علی، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر اور محمد وسیم پر مشتمل تھے۔ 

انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ول جیکس، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ وِلی، لیان ڈاؤسن، عادل رشید، اولی اسٹون اور ریس ٹاپلے شامل تھے۔ 

خیال رہے کہ سات میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ 

پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے زیر کیا تھا، دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔ 

سیریز کے تیسرے میچ میں ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کامیاب رہا اور اس نے یہ میچ 63 رنز سے جیتا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید