• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بسمہ معروف ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پُرعزم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیریز میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لیے ہم نے اپنی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔ ایشیا کپ کے لیے لگائے گئے کیمپ میں کوچز نے کھلاڑیوں پر سخت محنت کی ہے اور ہم اسی طرح ٹورنامنٹ میں بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کا فارمیٹ ایسا ہے جس سے ٹیم کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کی تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔ کسی بھی ٹیم کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے کیونکہ تمام ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ میچ بہت اہم ہے لیکن بھارت سے پہلے ٹیم کو دیگر ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہے۔ کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ میں مومنٹم حاصل کریں اس کے بعد بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے تیاری کریں گے۔

ٹخنے کی انجری میں مبتلا رائٹ آرم فاسٹ بولر فاطمہ ثناء کے بارے میں بسمہ معروف نے کہا کہ فاطمہ ثناء پاکستان ٹیم کی اہم کھلاڑی ہیں۔ ان کا ایونٹ سے باہر ہونا ایک دھچکا ہے لیکن دوسری جانب دیگر کھلاڑیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان) ایمن انور، عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، کائنات امتیاز، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، نشرا سندھو، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔ نتالیہ پرویز، امِ ہانی اور وحیدہ اختر کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کا آغاز یکم اکتوبر سے بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں ہو رہا ہے، جس میں 7 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان ویمنز ٹیم 2 اکتوبر کو ملائیشیا کیخلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ 7 اکتوبر کو پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید