• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خرم دستگیر کا دورہ جاپان، ن لیگ جاپان کی جانب سے تقریب میں شرکت کی دعوت

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کے دورہ جاپان کے دوران ان کی ملاقات مسلم لیگ (ن) جاپان کے وفد سے ہوئی جہاں انہیں آئندہ چند روز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن جاپان کے وفد نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، چیئرمین ملک یونس، یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد، سینئر رہنما اشرف چہل سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ وفاقی وزیر خرم دستگیر سے ٹوکیو میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں انہیں ن لیگ جاپان کے زیر اہتمام اہم تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی۔ 

اس موقع پر وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ ن لیگ جاپان مسلم لیگ (ن) اوورسیز کی اہم تنظیم ہے جس کی جانب سے تقریب کا اہتمام خوش آئند ہے اور اس میں شرکت کر کے خوشی ہوگی۔

اس موقع پر ملک نور اعوان نے کہا کہ اسحق ڈار کے پاکستان پہنچنے سے معیشت کی بہتری کا آغاز ہوگیا ہے، عنقریب ملک خوشحال ہوگا۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ عوام مہنگی بجلی سے پریشان ہیں لہٰذا خرم دستگیر صاحب سے درخواست ہے کہ عوام کے لیے کم قیمت بجلی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد نے کہا کہ خرم دستگیر کے جاپان آنے سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر اپنے دورے جاپان کی سرکاری مصروفیات کے اختتام کے بعد جاپان کے تاریخی شہر کیوتو، ہیروشیما اور ناگاساکی کے دورے پر ہیں۔

ان کے ہمراہ ن لیگ جاپان کے رہنما اشرف چہل بھی موجود ہیں جو وفاقی وزیر کو جاپان کے حوالے سے گائیڈ بھی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر جاپان کی تاریخ سے کافی دلچسپی رکھتے ہیں اور جاپانی مذہب کے حوالے سے کافی معلومات بھی رکھتے ہیں جبکہ ہیروشیما اور ناگاساکی کو دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید