• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر دنیا کےپانچ ملکوں میں شامل ہے، مقررین

نیو کاسل (محمد رجاسب مغل ) برطانیہ کے شہر نیو کاسل میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی فنڈ ریزنگ کے لیے پاکستانی کمیونٹی نے چیرٹی ڈنر تقریب کا انعقاد کیا جس میں مختلف مذاہب کے افراد نے شرکت کی۔ فنڈ ریزنگ کی اس تقریب کو آرگنائز کرنے میں ظفر حسین ،راجہ خالد خان ، راجہ فضل الرحمن اور ان کے ساتھیوں نےنمایاں کردار ادا کیا، اس موقع پر ظفر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونےوالے ممالک میں پاکستان دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے، ان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو ہر سال نقصان اٹھانا پڑتا ہے مگر اس سال ہونے والی تباہی کچھ سال پہلے زلزلے کی تباہی سے کئی گنا زیادہ ہے،اقوام متحدہ کے زیر اثر ممالک پاکستان کو اس مشکل وقت میں تنہا نہ چھوڑیں اور اس کی مدد کے لیے اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین نے چند سال پہلے متنبہ کر دیا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کے جنوبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں مگر حکومتیں اپنے اقتدار کی جنگ میں اس اہم مسئلے کو پس پشت ڈال دیا جس کا خمیازہ آج پاکستان کے غریب عوام بھگت رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بحیثیت اوورسیزپاکستانی ہم اپنا سب کچھ اپنے وطن کے لیے قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، اس مشکل وقت میں ہم سیلاب زدگان کے لیے ہم ہر ممکن مدد کریں گے، راجہ خالد خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سال مون سون کی بہت زیادہ بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے بہت تباہی ہوئی، اس وقت لاکھوں حاملہ خواتین اس سیلاب سے متاثر ہیں جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے، سردیوں کا موسم بھی شروع ہونے والا ہے، بے گھر ہونے والے افراد کے لیے چھت کا فوری انتظام کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ دل کھول کر مدد کی ہے، امید ہے کہ اپنے ہم وطن بہن بھائیوں کی مدد جاری رکھیں گے۔ چیرٹی ڈنر کی تقریب میں سابق لارڈ میئر کونسلر حبیب ،ایلن ،شبانہ خان ،روحانہ خان اور دیگر نے بھی اظہارخیال کیا، اس موقع پر تقریب میں بڑی تعداد میں مرد اور خواتین نے شرکت کی اور ہزاروں پونڈ کے عطیات دئیے،آرگنائزر نے یقین دلایا کہ وہ خود جا کر پاکستان میں آپ کے دئیے ہوئے عطیات سے متاثرین کی مدد کریں گے۔ چیرٹی ڈنر کی تقریب میں موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے شرکاء محظوظ ہوئے ۔

یورپ سے سے مزید