باورچی خانہ ہر گھر کا دل ہوتاہے، جہاں انواع واقسام کے کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ گھر کے افراد دن میں کئی بار کھانے پینے کی اشیا کی تلاش میں یہاں کا چکر ضرور لگاتے ہیں۔ کچن کے بکثرت استعمال کی وجہ سے اس کے ڈیزائن کو ہرلحاظ سے بہترین پہلوئوں کا حامل ہونا چاہئے۔ شہری طرزِ زندگی اب جدید تعمیراتی اسلوب میں ڈھل گئی ہے اور اب گھروں میں اوپن کچن کا تصور عام ہوگیا ہے۔
گزشتہ چند دہائیوں کے دوران انٹیریئر ڈیزائنرز نے گھر کے جس حصے کی ری ماڈلنگ کی، وہ باورچی خانہ ہے۔ اس عرصے میں انھوں نے مکان مالکان اور ڈیویلپرز کی فرمائش پر کئی بند یا علیحدہ باورچی خانوں کی درمیانی دیواریں توڑ کر انھیں اوپن کانسیپٹ باورچی خانوں میں بدلا ہے۔
اوپن کچن تصور میں لیونگ روم، فیملی روم اور ڈائننگ روم کے درمیان کوئی چھوٹی یا بڑی دیوار نہیں ہوتی اور سارا فلور ایک ہوتا ہے، اس جگہ کو عموماً ’’گریٹ روم‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ عمدہ ڈیزائن، انداز اور ترتیب سے بنے اوپن کچن کے بہت سے فوائد ہیں۔ اگر آپ گھر تعمیر کروانے جارہے ہیں تو ذیل میں درج اوپن کچن کی خوبیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کی تعمیر کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
آسان رسائی
اوپن کچن میں رسائی نسبتاً آسان ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس طرح کا کشن خاتون خانہ کے لیے اطمینان کا باعث ہوتا ہے۔ اس کا ایک فائدہ تو یہ ہے کہ گھر کے افراد مرکزی ہال کے کسی بھی کونے یا اطراف سے کچن میں موجود شخص سے بآسانی بات کرسکتے ہیں۔ کھانا پکانے کے دوران گھر والوں کے ساتھ لطف اٹھایا جاسکتاہے۔
اس کے علاوہ کھانا پکانے والے کو بھی موقع ملتاہے کہ وہ گھر میں ہونے والی سرگرمیوں میں برابر کا شریک رہے، بجائے اس کے کہ وہ کسی بند باورچی خانے میں تنہائی میں کھانا پکاتا رہے جہاں اس کی حرکات و سکنات کے مواقع محدود ہوں۔ اوپن کچن میں کھانا پکانے والے کی نظر چاروں طرف ہوتی ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر بلاتاخیر مدد کیلئے آسکتاہے، بالخصوص مائیں اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتی ہیں۔
وسعت پذیری
اوپن کچن ہمیشہ آپ کو وسعت کا احساس دلاتا ہے کیونکہ دیواریں یا دروازہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ کھلا کھلا اور مرکزی کمرے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ اسی طرح کچن کا لے آؤٹ بھی آزادانہ حرکت کو فروغ دیتا ہے اور آپ کو کام کرنے کی زیادہ جگہ دستیاب ہوتی ہے۔ مزید یہ کہ آپ کا کچن اگر ڈرائنگ روم یا ٹی وی لائونج سے متصل ہے تو آپ صوفے پر بیٹھ کر ٹی وی دیکھتے ہوئے یا میگزین پڑھتے ہوئے چولہے پر پکتے کھانوں پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں۔ اس خوبی کی بدولت کم رقبے پر بنے مکان میں اوپن کچن بنانے پر زور دیا جاتا ہے تاکہ دستیاب جگہ کوزیادہ سے زیادہ وضع دار بنایا جاسکے۔
قرابت داری
کسی بھی گھر میں ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانا دن کا سب سے اہم موقع ہوتا ہے۔ اس موقع پر خاندان کے تمام افراد ایک دوسرے کے ساتھ جُڑجاتے ہیں اور دن بھر کا احوال سناتے ہیں یا پھر ایک دوسرے کو نئے دن کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحرک کرتے ہیں۔
اوپن کچن بنا ہو تو گھر والوں کو کھانا کھانے کے دوران گرما گرم روٹیاں کھانے کو مل جاتی ہیں اور پکانے والا خود کو بھی اسی ماحول کا حصہ سمجھتا ہے۔ ساتھ ہی وہ گفتگو میں حصہ لینے میں بھی کامیاب رہتا ہے یعنی کچن میں کام کے دوران بیٹھک کو انجوائے کرنے سے محروم نہیں رہتا۔
کھانا تیار کرنے میں سہولت
گھرمیں اگر اوپن کچن موجود ہو تو گھر کے دیگر افراد آپ کو کام کرتا دیکھ کر کھانے کی تیاری میں حصہ لے لیتے ہیں یا پھر کچن کے دیگر کام نمٹانے میں آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اوپن کچن دیگر کاموں کو بھی قدرے آسان بنا دیتا ہے جیسے کہ گھر کے دوسرے لوگ میز پر کھانا لگانے میں آپ کی مدد کردیتے ہیں یا کھانے کے بعد برتن سمیٹنے میں سہولت ہوجاتی ہے۔
ایک جانب جہاں اوپن کچن کی کئی خوبیاں ہیں، وہیں چند خامیاں بھی ہیں۔
دھواں اور گرمائش
اوپن کچن میں پکنےوا لے پراٹھوں یا دیگر ذائقہ دار کھانوں کی اشتہا انگیز خوشبو تو آتی ہے لیکن اگر وینٹی لیشن کا مناسب انتظام نہ ہو تو کھانا پکنے کے دوران اٹھنے والا دھواں چاروں طر ف پھیل جاتاہے اور آنکھوں میں لگتاہے، جس کیلئے آپ کو کمروں کی کھڑکیاں اور دروازے کھولنے پڑ جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ تیل وغیر ہ پکنے سے اس کی کالک یا دھواں بھی پھیل کر ارد گرد کی چیزوں خاص طور پر چولہے کے اوپر لگے کیبنٹس پر جمنا شرو ع ہوجاتا ہے، جو دورسے نظر آتا ہے اور کچن کی خوبصورتی کو متاثر کرتاہے۔ اسی لیے اوپن کچن میں صفائی کا خاص خیال رکھنا پڑتاہے اور ہر چند دن بعد کیبنٹس کی صفائی ضروری ہوجاتی ہے۔ مزید برآں، موسم گرما میں کھانے پکانے کے دوران پیدا ہونے والی گرمی بھی چاروں طرف پھیل جاتی ہے، جس سے پورا گھر گرم ہو جاتاہے اور کافی پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
بے ترتیبی
بند کچن میں تو برتن وغیرہ یا کچن کا پھیلاوا دکھائی نہیں دیتا لیکن اوپن کچن میں بے ترتیبی یا بدنظمی فوراً نظروں میں آجاتی ہے۔ اس لئے کھانا پکانے کے ساتھ اسے ہروقت صاف رکھنے کا اضافی کام سوار ہوجاتا ہے اور گندے برتنوں کو فوراً دھونا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ اوپن کچن میں جب تک ہر چیز قرینے سے اپنی جگہ نہ رکھی ہوتو یہ پورے گھر کی دلکشی کو متاثر کرتی ہے۔ اس لئے اوپن کچن کو ہر وقت منظم اور ترتیب سے ہونا چاہئے۔