پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانیوالے ساتویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان بین ڈکٹ کو اسٹمپ کے پیچھے سے رن آؤٹ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر تعریفوں کا مرکز بن گئے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف عمدہ بیٹنگ پرفارمنس دیتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 209 رنز بنائے تھے۔
جب دسویں اوور میں بین ڈکٹ پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے تو ایسے وقت پر محمد رضوان نے تیزی کے ساتھ انہیں اسٹمپ کے پیچھے سے رنز آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلوائی۔
یوں بین ڈکٹ 19 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان کی جانب سے بین ڈکِٹ کو اسٹمپ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تعریفوں کے پل بندھ گئے اور ہر کوئی انہیں سراہتا ہوا نظر آنے لگا۔
ایک صارف نے محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ محمد رضوان وہ واحد کھلاڑی ہے جو وکٹ کے پیچھے کبھی جمائی نہیں لیتا۔
ایک اور صارف نے محمد رضوان کے اسٹائل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یار کیا حسِین ہے۔