• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: عید میلادالنبیﷺ کا سالانہ جلوس، کثیر تعداد میں عاشقان توحید و رسالت کی شرکت

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

جاپان میں عید میلاد النبیﷺ کا سالانہ جلوس اسلامک سوسائٹی جاپان کے زیر اہتمام ٹوکیو ٹاور شیبا پارک نمبر 23 سے نکالا گیا جس میں جاپان بھر سے عاشقانِ توحید و رسالتﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لوگوں کی بہت بڑی تعداد 11 بجے سے ہی جمع ہونا شروع ہو گئی تھی جس میں ٹوکیو، چیبا، سائتاما، باندوشہر ایباراکی کین، میتو شہر، ایسا ساکی گنما کین، نیگاتا شہر میں یہ عاشقان رسولﷺ کئی کئی سو کلومیٹر کی مسافت طے کرکے آئے تھے۔

اس جلوس میں علمائے کرام اور نعت خوان حضرات سمیت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے بھرپور حصہ لیا۔

سینئر مذہبی و کمیونٹی رہنما عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

ٹوکیو ٹاور شیبا پارک میں ظہر، عصر اور مغرب کی نماز با جماعت ادا کی گئی اور تمام شرکاء میں کئی اقسام کے کھانے تقسیم کیے گئے، لوگوں کی بہت بڑی تعداد اپنے گھروں سے کھانے تیار کرکے اپنے ہمراہ لائی تھی، ہر سال کی طرح اس سال بھی گرم گرم کشمیری چائے بھی پیش کی گئی۔

اس موقع پر جاپان پولیس کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی، جلوس کے دوران شرکاء نعرہ تکبیر، نعرہ رسالتﷺ اور نعرہ حیدریؑ کی صدائیں بھی بلند کرتے رہے اور پورا علاقہ درود و سلام سے گونج رہا تھا اور شرکاء نے نبی اکرمﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ جلوس کے آخر میں درود و سلام بھی پڑھا گیا۔

اسلامک سوسائٹی جاپان کے چئیرمین رئیس صدیقی نے پاکستان، جاپان، عالم اسلام، عالمی امن، کشمیر اور فلسطین کے لیے خصوصی دعا کی اور اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ جاپانی مسلمان ریسلر انتونیو انوکی (محمد حسین) مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور جلوس میں آنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ ٹوکیو میں اسلامک سوسائٹی جاپان کے زیر اہتمام جلوس کا انعقاد گزشتہ 35 سال سے ہر سال کیا جارہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید