عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کےلیے 2 ارب ڈالرز کے فنڈز دے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کا کہنا تھا کہ عالمی بینک سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 2 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اس سال سیلاب متاثرین کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر دیں گے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معیشت کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں عالمی بینک کی ٹیم کو آگاہ کیا۔
عالمی بینک کے موجودہ پروگرامز اور مستقبل میں تعاون کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔