پاکستانی معروف اداکارہ حبا بخاری نے جیو انٹرٹینمنٹ کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’ میرے ہم نشیں‘ میں اپنائے گئے اپنے پٹھانی لہجے سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
گزشتہ دنوں حبا بخاری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا۔
اس دوران انہوں نے ناصرف اپنے کیریئر بلکہ نجی زندگی، سوشل میڈیا اور ڈراموں میں ادا کیے گئے اپنے کرداروں سے متعلق بھی بات کی۔
اداکارہ کا ڈرامہ سیریل ’میرے ہم نشیں‘ سے متعلق بتانا تھا کہ اُنہوں نے ایک پٹھانی لڑکی ’خجستہ‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے ڈرائیور اور چائے والے پٹھانوں سے پشتو لہجہ سیکھنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ڈرائیور سے پوچھا کہ میں نے دو چائے منگوانی ہیں اور مجھے میٹھا کم چاہیے تو بتاؤ اب میں اِن جملوں کو کیسے بولوں گی؟ پٹھان ڈرائیور نے مجھے یہ جملے بول کر دِکھائے تو میں نے وہ لہجہ یاد کر لیا۔
حبا بخاری نے ’میرے ہم نشیں‘ کو ملنے والی پزیرائی پر بات کرتے ہوئے شوٹنگ سے قبل خود کو لاحق خدشات سے بھی پردہ اٹھایا۔
حبا بخاری کا کہنا تھا کہ مجھے ’میرے ہم نشین‘ سے زیادہ توقعات نہیں تھیں، میرا خیال تھا کہ یہ وہ کردار ہے جو میں کرنا چاہتی تھی مگر یہ عوام کو پسند نہیں آئے گا، میں سوچتی تھی کہ اس ڈرامے کی پتہ نہیں ریٹنگ آئے گی کہ نہیں آئے گی، ڈرامہ شائقین کیسا ردعمل دیں گے مجھے نہیں پتہ تھا لیکن مجھے یہ معلوم تھا کہ میں یہ کرنا چاہتی ہوں۔
اداکارہ حبا بخاری نے اداکار سید آرض احمد سے شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آرض سے شادی کے بعد زندگی ہی تبدیل ہو گئی ہے، ایک ٹھہراؤ سا آگیا ہے، میں بہت بے چین سی روح تھی مگر اب مجھ میں ٹھہراؤ آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی بہت خوبصورت رشتہ اور احساس ہے، شادیاں ہونی چاہئیں، ایک نارمل زندگی جینے کے لیے شادی بہت ضروری ہے۔