• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلجیت دوسانجھ کو بالی ووڈ سے بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی اداکار اور پنجابی میوزک سینسیشن دلجیت دوسانجھ کو بالی ووڈ سے بلیک لسٹ کیے جانے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔ 

عالمی شہرت یافتہ پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو بھارتی فلمی برادری بالخصوص فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) کی جانب سے شدید تنقید اور بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آنے والی فلم سردار جی 3 میں پاکستانی اداکاروں کو شامل کرنے پر ’ایف ڈبلیو آئی سی ای‘ کے صدر بی این تیواڑی کی جانب سے گلوکار و اداکار پر بالی ووڈ سے بےدخل کرنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنا غداری کے مترادف ہے اور پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کی مخالفت کرنے والوں کو انڈسٹری سے بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔ 

اس حوالے سے ’ایف ڈبلیو آئی سی ای‘ نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کو خط تحریر کرتے ہوئے دباؤ ڈالا کہ سردار جی 3 کو سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’سردار جی 3‘ سے پاکستانی اداکار ہانیہ عامر بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی تھیں، تاہم بھارتی مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر ایک بار پھر پابندی عائد کردی گئی۔

اس کے علاوہ پاکستانی اداکار فواد خان کی بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ آنے والی فلم ’عبیر گلال‘ میں بالی ووڈ میں واپسی بھی دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک کے درمیان صورتحال کی وجہ سے روک دی گئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید