اشتر اوصاف نے اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع نے اشتر اوصاف کے اٹارنی جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اشتر اوصاف نے صحت کی خرابی کے باعث کام جاری رکھنے سے معذرت کی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اشتر اوصاف کو نئی تعیناتی تک بطور اٹارنی جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں وفاقی حکومت کی جانب سے اشتر اوصاف علی کو اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا۔
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اشتر اوصاف علی کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
اشتر اوصاف 16-2015ء میں وزیرِ اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ قانون و انصاف بھی رہ چکے ہیں، انہیں اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے 2016ء میں اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا۔
اشتر اوصاف نے 2018ء تک بطور اٹارنی جنرل خدمات انجام دی تھیں، وہ 12-2011ء میں صوبے کے پراسیکیوٹر جنرل بھی رہے ہیں۔
اشترا وصاف 2 مرتبہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی رہے ہیں، انہوں نے بطور اٹارنی جنرل فاٹا کے خیبر پختون خوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیم کے مسودےکی تیاری میں کردار ادا کیا تھا۔
اشتر اوصاف نے جی ایس پی پلس تجارتی پیکیج کی تجدید میں بھی کردار ادا کیا، انہیں 2018ء میں ستارۂ امتیاز دیا گیا تھا۔