• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ،شہر میں آوارہ کتوں کی بھر مار، 2افراد کو کاٹ کر زخمی کر دیا

سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار، آوارہ کتوں نے مختلف علاقوں میں دوافراد کو کاٹ کر زخمی کردیا، گزشتہ کئی ماہ سے آوارہ کتوں کی بھرمار اور متعدد مرتبہ لوگوں کو کاٹے جانے کی شکایات عام ہیں جبکہ سکھر کی گنجان آبادی مینارہ روڈ لوکل بورڈ پر چند ماہ قبل کتوں کے متعدد بچوں کے کاٹے جانے کے واقعے میں ایک دس سالہ بچہ جاں بحق بھی ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن ، انتظامیہ سب خاموش ہیں کوئی آوار کتوں کی بھرمار کا نوٹس لینے کو تیار نہیں ہے، پیر کی الصبح آوارہ کتوں نے میانی روڈ کے علاقے میں فجر کی نماز کو جانے والے عبدالنویش اعوان کو کاٹ کر زخمی کردیا جبکہ سکھر ریلوے اسٹیشن گڈانی پھاٹک نے نزدیک اکبر پٹھان نامی شخص کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا، جنہیں سول اسپتال سکھر لے جایا گیا جہاں متاثر افراد کو کئی گھنٹوں کی تاخیر سے طبی امداد فراہم کی گئی ، سکھر پارٹیز الائنس کے چیئرمین مشرف محمود قادری نے شہر میں آوارہ کتوں کی بھرمار اور کتوں کے لوگوں کو کاٹ کرزخمی کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں مینارہ روڈ، لوکل بورڈ، بند روڈ، میانی روڈ، ڈھک روڈ، نشتر روڈ، لیاقت چوک، نیوپنڈ ، بچل شاہ ، نواں گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں آوار ہ کتوں کی بھرمار ہے اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات آئے دن سامنے آرہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ نے تاحال اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
تازہ ترین