لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پانچ اراکین قومی اسمبلی کی صوبائی حکومت اور وزیراعلی پر کھلی تنقید کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ان اراکین اسمبلی سے پرویز خٹک پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگ لئے ہیں،چیئر مین پی ٹی آئی نے مذکورہ ایم این ایز کی پریس کانفرنس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہپارٹی کے اندرونی معاملات کو میڈیا پر اچھالنے سے باز رہیں،تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پانچ اراکین قومی اسمبلی کی پختونخوا حکومت اور وزیراعلی پر میڈیا کے ذریعے تنقید پارٹی نظم وضبط کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر چیئرمین عمران خان نے انتہائی ناگواری کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے پانچوں اراکین اسمبلی کے اس طرز عمل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ اختلافات وشکایات کی کھلے بندوں میڈیا پر تشہیر سے مکمل گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین عمران خان نے پانچوں اراکین اسمبلی کو وزیراعلی اور صوبائی حکومت کے خلاف شکایات کی تفصیلات اور شواہد سات روز کے اندر چیئرمین سیکرٹریٹ میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔