• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اپمائر اور آسٹریلوی کھلاڑی سے مصافحہ کر رہے ہیں - فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اپمائر اور آسٹریلوی کھلاڑی سے مصافحہ کر رہے ہیں - فوٹو: اے ایف پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 89 رنز سے ہرا دیا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں201 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 17.1 اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

دفاعی چیمپئن کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں 5 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر کو ٹِم ساؤتھی نے بولڈ کیا۔

آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ بھی ٹیم کے لیے کچھ خاص نہ کرسکے، چوتھے اوور میں وہ بھی 13 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دفاعی چیمپئن کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی کیوی بولرز آؤٹ کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے اور ساتھ کامیاب بھی ہوتے رہے۔

ہدف کے تعاقب میں مصروف آسٹریلوی بیٹر مچل مارش کو 34 کے مجموعی اسکور پر ٹِم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ سینٹنر نے حاصل کی۔ انہوں نے 8 ویں اوور میں مارکس اسٹوئنس کو 7 رنز پر آؤٹ کیا۔

دیگر آسٹریلوی بیٹرز بھی کیوی بولرز کا خاص سامنا نہ کرسکے اور پوری ٹیم مکمل اوورز بھی نہ کھیل سکی۔

آسٹریلیا کے گلین میکسویل 28 اور پیٹ کمنز 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے بولر ٹِم ساؤتھی اور مچل سینٹنر نے 3،3 جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پلیئر آف دی میچ

نیوزی لینڈ ٹیم کے اوپنر بیٹر ڈیون کونوے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے ناقابل شکست 92 رنز اسکور کیے تھے جبکہ فیلڈنگ کے دوران 2 کیچز بھی پکڑے۔

اس سے قبل  آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کے بعد کیوی اوپنرز نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر فن ایلن 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے پہلی وکٹ 5 ویں اوور میں حاصل کی۔

آسٹریلیا کے خلاف نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 125 رنز پر گری جب کپتان کین ولیمسن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 16ویں اوور میں 152 رنز پر گری جب گلین فلپس کو 12 رنز بنا کر واپس پولین جانا پڑا۔

تیسری وکٹ گرنے کے بعد جیمز نیشم اور اوپنر ڈیون کونوے نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔

دونوں بیٹرز آخری بال تک وکٹ پر موجود رہے۔ ڈیون کونوے نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جیمز نیشم 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے 2 اور اسپن بولر ایڈم زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی قیادت ایرون فنچ جبکہ نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیمسن نے کی۔

ٹاس کے موقع پر کین ولیمسن نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، ورلڈ کپ میں ہم تازہ دم ہوکر آئے ہیں۔

کین ولیمسن نے کہا کہ موسم خراب تھا، میچ کا ہونا خوش آئند ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم

آسٹریلین ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ٹِم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم

نیوزی لینڈ ٹیم میں فن ایلن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، مارک چیپمین، جمی نیشم، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹِم ساؤتھی، لوکی فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا، جسے آسٹریلیا نے جیتا تھا۔


کھیلوں کی خبریں سے مزید