سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور فیڈرل شریعت کورٹ محمد نور مسکان زئی کے قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ خاران کے رہائشی مبینہ قاتل کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی کو بلوچستان کے شہر خاران میں رواں ماہ نماز کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نذیر احمد کرد کے مطابق سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور سابق چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ محمد نور مسکان زئی خاران شہر میں اپنی رہائش گاہ کے قریب واقع مسجد میں عشاء کی نماز ادا کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے محمد نور مسکان زئی اور ان کے رشتے دار حاجی ممتاز احمد ایجباڑی زخمی ہو گئے تھے۔
انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال خاران منتقل کیا گیا تھا جہاں اسپتال کے عملے نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ محمد نور مسکان زئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔
اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محبوب بلوچ کے مطابق سابق چیف جسٹس کو 4 گولیاں لگی تھیں۔