نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کے کوچ ریان کک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف حال ہی میں بہت اچھے میچز ہوئے ہیں جس سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے، ٹیم ون ڈے سیریز میں بہت قریب آئی تھی، امید ہے اس بار لائن کراس کرلے گی۔
پرتھ میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریان کک نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد یہ تو اندازہ ہوگیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ٹیم نہیں، اسکو ہرایا جاسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ریان کک نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم پاکستان کو قابو کرسکتی ہے، کل دونوں پوائنٹس ٹیبل پر صفر پوائنٹ کے ساتھ میدان میں اتریں گی تو اس حساب سے دونوں ٹیمیں برابر ہیں۔
ریان کک کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم میچ جیتنے کی کوشش کرتی ہے، نیدرلینڈز کی بھی یہ ہی کوشش ہوگی، کچھ عرصہ قبل ہی پاکستان کیخلاف ون ڈے میچز کھیلے تھے جس میں بہت اچھا مقابلہ کیا جس سے ٹیم کو کافی اعتماد ملا ہے، امید ہے اس بار نتائج پہلے سے بہتر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کا بولنگ اٹیک اچھی فارم میں ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ریان کک نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پاکستان کیخلاف جلد وکٹیں لیں اور اس کی بیٹنگ کو پریشان کیا جائے۔
ریان کک کے مطابق اگست میں ہونیوالی پاکستان اور نیدرلینڈز کی سیریز نے ان کی ٹیم کو پاکستان کی اسٹرینتھ اور اس کے مقابلے میں اپنی قوت کو جانچنے کا موقع دیا تھا، اس لیے ٹیم کو اندازہ ہے کہ اسے کس چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک اچھا ہے اور اس سے نبردآزما ہونے کے لیے نیدرلینڈز کے بیٹرز نے انفرادی اور مجموعی پلاننگ کی ہے، امید ہے میچ میں اس پلان پر کامیابی سے عمل درآمد ہوگا۔
ریان کک نے مزید کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ نیدرلینڈز اپنے پلان کے مطابق کھیلےاور اچھے نتائج کیلئے ایفرٹ کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ کل پرتھ میں شیڈول ہے۔